امریکی جریدے فارن پالیسی کی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں پاکستان نے غیر معمولی سفارتکاری کے ذریعے واشنگٹن میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں اسلام آباد نے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کیے جس کے خطے کی سیاست اور افغان امن عمل پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کابل حملے کے مرکزی ملزم کی گرفتاری میں کلیدی کردار ادا کر کے امریکی اعتماد حاصل کیا جس سے واشنگٹن میں پاکستان کی اہمیت اور انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیت کو تسلیم کیا گیا۔
فارن پالیسی کے مطابق پاکستان کی ذہانت بھری اور محنتی سفارتکاری نے پاک، امریکا تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ ریکوڈک منصوبے کی بحالی نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان پر اعتماد بڑھانے کا پیغام دیا اور مالیاتی مارکیٹوں میں پاکستان کی ساکھ بہتر ہوئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پاک،بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی کو سراہا، اور امریکا کے رویے میں پاکستان کے ساتھ تعلقات گرم اور بھارت کے ساتھ سرد رہنے کی صورتحال دیکھی گئی۔