راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے معاملے پر تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ درج کرکے گرفتار 14 ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ، نورین نیازی، قاسم خان، سلمان اکرم راجہ اور عالیہ حمزہ کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ مجموعی طور پر 35 نامزد اور 400 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
نامزد دیگر افراد میں نعیم پنجوتھہ، تابش فاروق، طیبہ راجا، نادیہ خٹک، ہارون، راجا اسد عباس، ظفر گوندل اور شفقت عباس بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے دوران مظاہرین کی جانب سے پٹرول بموں سے حملہ کیا گیا اور شدید تشدد کیا گیا، جبکہ دفعہ 144 کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔
کارروائی کے دوران 14 ملزمان کو موقع سے گرفتار کر کے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا گیا ہے، ملزمان کو انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے تمام 14 ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔