وفاقی وزیر خزانہ کا آڈیٹر جنرل پاکستان ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، ڈیٹا اینالیٹکس سینٹر کا افتتاح

image

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے آج آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سینٹر فار گورنمنٹ ڈیٹا اینالیٹکس کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل نے آڈٹ کے نظام میں مقدار سے معیار کی جانب منتقلی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ڈیٹا اینالیٹکس ٹولز کی مدد سے اب ادارہ جاتی اور منصوبہ جاتی بنیادوں پر آڈٹ رپورٹس تیار کی جا رہی ہیں، جس سے کارکردگی اور احتساب میں نمایاں بہتری آئے گی۔

کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس عمر علی خان نے وفاقی وزیر کو پبلک فنانشل مینجمنٹ ریفارمز پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کیش لیس اور ڈیجیٹل ادائیگیوں، راست (RAAST) نظام، آن لائن بلنگ، SAP HANA پر منتقلی اور ورلڈ بینک کے تعاون سے اکرول بیسڈ اکاؤنٹنگ سسٹم کی جانب پیش رفت جاری ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے ان اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور شفاف مالی نظام عوامی وسائل کے مؤثر استعمال میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کے دفاتر کی اصلاحاتی کوششوں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر خزانہ نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US