حکومتِ پاکستان نے چین کی آن شور بانڈ مارکیٹ میں پانڈا بانڈ کے اجرا کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔ وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت وزارتِ خزانہ میں اجلاس ہوا، جس میں پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو ڈیٹ مینجمنٹ آفس کی جانب سے منظوریوں، سرمایہ کاروں سے روابط اور ریگولیٹری عمل پر بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ کثیرالجہتی شراکت داروں سے ضروری منظوریوں کا حصول مکمل ہوچکا ہے جبکہ چینی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے مثبت رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے، جو پاکستان کی معاشی استحکام، اصلاحاتی اقدامات اور درمیانی مدت کے مثبت معاشی منظرنامے پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ مارکیٹ حالات سازگار ہیں، دستاویزات اور گارنٹیز مکمل ہیں، جبکہ چینی ریگولیٹری اداروں سے حتمی منظوری جلد متوقع ہے۔ منظوری ملنے کی صورت میں پانڈا بانڈ کا پہلا اجرا جنوری 2026 میں متوقع ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پانڈا بانڈ پروگرام کو منظم اور مرحلہ وار حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے، جس کا مجموعی حجم تقریباً ایک ارب ڈالر ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں 250 ملین ڈالر کے مساوی بانڈ جاری کیے جائیں گے جبکہ پانڈا سیریز ٹو کی تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیرِ خزانہ نے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کے لیے قرض کے ذرائع میں تنوع اور درمیانی مدت میں قرضوں کی پائیداری کے لیے معاون ثابت ہوگا۔