کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں گرفتار مرکزی ملزم قیصر اقبال کی پلی بارگین کی درخواست تفتیشی افسر نے ڈی جی نیب کو ارسال کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ نیب تفتیشی افسران نے درخواست احتساب عدالت میں دے دی، جبکہ احتساب عدالت نے پلی بارگین کی درخواست ڈی جی نیب کو ارسال کردی، چیئرمین نیب سے منظوری کے بعد درخواست کو دوبارہ عدالت میں دائر کیا جائے گا۔
نیب ذرائع نے بتایا کہ نیب چیئرمین کی منظوری کے بعد عدالت پلی بارگین کی توثیق کرے گی، ملزم نے 14 ارب پلی بارگین کی درخواست دی ہے۔
نیب کے مطابق قیصر اقبال اپر کوہستان اسکینڈل کا مرکزی ملزم ہے، ملزم محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں ہیڈ کلرک تھا، جس نے ترقیاتی اسکیموں کے نام پر اربوں روپے نکالے، جبکہ ترقیاتی اسکیمیں گراؤنڈ پر موجود ہی نہیں اور پیسے نکالے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے نام، اہلیہ اور دیگر رشتہ داروں کے نام اثاثے بنائے، اثاثوں میں گھر، فلیٹس، پلازے، قیمتی گاڑیاں، نقد رقم اور سونا شامل ہے، اسکینڈل میں 32 سے زائد ملزمان گرفتار ہیں، جن میں سرکاری ملازمین، نجی بینکوں کے ملازمین اور مختلف تعمیراتی فرمز کے مالکان شامل ہیں۔