سڈنی حملے کے ہیرو کو چندہ مہم سے جمع 25 لاکھ ڈالر سے زائد کا چیک دے دیا گیا

image

آسٹریلیا کے مشہور ساحلی بیچ پر ہونے والی فائرنگ کے دوران جانیں بچانے والے شہری احمد الاحمد کو عوامی چندہ مہم کے ذریعے جمع ہونے والی 25 لاکھ آسٹریلوی ڈالر سے زائد رقم کا چیک دے دیا گیا جو امریکی کرنسی میں تقریبا 16 لاکھ 50 ہزار ڈالر بنتی ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق احمد الاحمد نے فائرنگ کے واقعے کے دوران پارک کی گئی گاڑیوں کے پیچھے پناہ لینے کے بعد ایک مسلح حملہ آور پر پیچھے سے جھپٹ کر اس سے رائفل چھین لی اور اسے زمین پر گرا دیا۔ اس دوران دوسرے حملہ آور کی فائرنگ سے احمد خود بھی گولی لگنے سے زخمی ہوگئے اور تاحال سرجری کے بعد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

یہ رقم سوشل میڈیا انفلوئنسر زیکری ڈیرینیوسکی کی جانب سے قائم کی گئی گوفنڈ می مہم کے ذریعے جمع کی گئی جس میں دنیا بھر سے 43 ہزار سے زائد افراد نے عطیات دیے۔

معروف ارب پتی ہیج فنڈ مینیجر بل ایک مین نے بھی 99 ہزار 999 آسٹریلوی ڈالر عطیہ کیے اور اس مہم کو اپنے سوشل میڈیا اکانٹ پر شیئر کیا۔جمعہ کے روز زیکری ڈیرینیوسکی نے سینٹ جارج اسپتال میں احمد الاحمد کو ایک بڑا علامتی چیک پیش کیا۔

احمد الاحمد جو دو بچوں کے والد اور ایک مسلمان تاجر ہیں نے عطیہ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور زندگی بچانے کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ اقدام دل سے کیا کیونکہ وہاں خاندان، بچے، خواتین اور نوجوان خوشی منا رہے تھے اور وہ اس خوشی کے حقدار تھے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب لوگ یہودی تہوار ہنوکا کی تقریبات میں مصروف تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ حکام کے مطابق حملہ آور ایک 50 سالہ شخص اور اس کا 24 سالہ بیٹا تھا، جن میں سے والد پولیس فائرنگ میں ہلاک جبکہ بیٹا شدید زخمی ہوا۔واضح رہے احمد الاحمد برس قبل شام کے صوبہ ادلب سے روزگار کی تلاش میں آسٹریلیا آئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US