چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے انعامات کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف فائنل میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 50،50 لاکھ روپے انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور فتح پر مبارکباد دی۔ چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کی تمام پیشہ ورانہ ضروریات پوری کی جائیں گی اور ان کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ قومی انڈر 19 ٹیم دوسری مرتبہ ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے، اس سے قبل 2012 کے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر فاتح قرار پائے تھے۔