ایئر انڈیا کی بزنس کلاس فلائٹ میں پیش کیے جانے والے کھانے سے مردہ مکھیاں نکل آنے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر بھارتی فوڈ بلاگر پاویترا کور کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ فوڈ بلاگر نے اپنے سفر کے دوران پیش آنے والے تجربے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
پاویترا کور نے نئی دہلی سے سان فرانسسکو جانے والی ایئر انڈیا کی بزنس کلاس فلائٹ کے لیے تقریباً 4 لاکھ روپے خرچ کیے، تاہم ان کے مطابق مہنگا ٹکٹ خریدنے کے باوجود نہ سہولتیں معیار پر پوری اتریں اور نہ ہی صفائی کا مناسب انتظام تھا۔
فوڈ بلاگر نے یوٹیوب پر شیئر کیے گئے اپنے ولاگ میں بتایا کہ بزنس کلاس کے اس سفر کو وہ 10 میں سے صرف 6 نمبر دیں گی۔ ان کے مطابق پہلی نشست میں تکنیکی خرابی سامنے آئی، جس کے بعد انہیں دوسری سیٹ دی گئی، مگر وہاں بھی وہی مسئلہ موجود تھا۔
ایئر انڈیا کی سروس پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پاویترا کور نے کہا کہ اتنی بھاری رقم ادا کرنے کے باوجود بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں۔ صفائی کے حوالے سے انہوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر بزنس کلاس کی یہ صورتحال ہے تو اکانومی کلاس کے مسافروں کا کیا حال ہوگا۔
فوڈ بلاگر کے مطابق ان کی سیٹ پر دو مردہ مکھیاں موجود تھیں، جبکہ پیش کیے گئے پھل اور کھانا بھی باسی تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پلیٹ میں بھی مکھیاں نظر آئیں اور میٹھا سب سے زیادہ مایوسی کا باعث بنا، یہاں تک کہ انہوں نے میٹھا کھایا تک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چاکلیٹ موز انتہائی خراب تھا اور پھل بھی تازہ نہیں تھے۔
ولاگ کے اختتام پر پاویترا کور نے طنزیہ انداز میں کہا کہ لیکن یہ ایئر انڈیا ہے اور بتایا کہ ان کے پاس کوئی اور آپشن نہ ہونے کے باعث اسی فلائٹ کا انتخاب کرنا پڑا۔