خیبر پختونخوا حکومت نے اسلحہ سازی، اسلحہ ڈیلرشپ اور اسلحہ مرمت کے لائسنسوں کی رجسٹریشن اور تجدید فیس کی وصولی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام سے منسلک کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کے مطابق اب یہ تمام فیسیں صرف دستک ایپ (ون لنک) کے ذریعے جمع کروائی جاسکیں گی جبکہ دستی یا بینک کاؤنٹر پر فیس جمع کرانے کا طریقہ ختم کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جنرل منیجر نیشنل بینک آف پاکستان خیبر پختونخوا کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلحہ سے متعلق لائسنسوں کی رجسٹریشن اور تجدید کی فیس اب صرف ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے قابل قبول ہوگی۔
مراسلے کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان کی صوبے بھر کی تمام شاخوں کو ہدایت دی جائے کہ وہ اس مد میں کسی بھی قسم کی دستی فیس وصول نہ کریں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا، سرکاری محصولات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شہریوں کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔
ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ مالی امور میں شفافیت اور ریکارڈ کی درستگی بھی ممکن ہو سکے گی۔