اقتصادی رابطہ کمیٹی نے موبائل سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے موبائل سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی ہے جس سے ڈیجیٹل پاکستان کے سفر میں تیزی آئے گی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی اور ڈیجیٹل شمولیت میں موبائل سپیکٹرم کا کلیدی کردار ہے اور جن سپیکٹرم کی نیلامی نہیں ہوتی وہ ملکی معیشت کے لیے مالی نقصان کا باعث بنتے ہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی نے نیشنل اکنامک ریسرچ ایسوسی ایٹس (نیرا) کو کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا جس نے پی ٹی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کی نگرانی میں تفصیلی جائزہ لیا۔ نیرا نے ماضی کی ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی موبائل سپیکٹرم نیلامیوں کا تجزیہ کرتے ہوئے عالمی معیار کے مطابق سپیکٹرم کی قیمت، ادائیگی کی شرائط اور نیلامی کے ڈیزائن سے متعلق سفارشات پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سفارشات کا بغور جائزہ لینے کے بعد انہیں پاکستان کے مفاد میں حتمی شکل دی گئی جس کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے منظوری دے دی ہے۔ وزیر خزانہ کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مضبوط ہوگا بلکہ معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US