متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان کے طیارے سے باہر نکلنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے یو اے ای کے صدر کو پھول پیش کیے جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار تبادلۂ خیال بھی ہوا۔
صدر یو اے ای کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور جیسے ہی ان کا طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا، جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھی سلامی دی۔
نور خان ایئر بیس پر باضابطہ استقبالیہ تقریب میں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کا شیخ محمد بن زاید نے معائنہ کیا۔ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا صدر یو اے ای سے تعارف کروایا جبکہ شیخ محمد بن زاید نے اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم سے متعارف کروایا۔ بچوں نے پرچم تھام کر معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور صدر نے بچوں سے ہاتھ ملایا اور ان کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کو مزید تقویت دے گا۔
صدر یو اے ای کی آمد کے تناظر میں اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ و ڈسٹرکٹ کورٹس بھی بند رہیں گی۔
دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوگی۔