یورپ میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کے دروازے کھل گئے، اٹلی نے ساڑھے 10 ہزار نوکریوں کا کوٹہ دے دیا

image

یورپ میں روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ پاکستان اور اٹلی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت اٹلی نے آئندہ تین برسوں کے لیے پاکستانی شہریوں کو مجموعی طور پر ساڑھے دس ہزار ملازمتوں کا کوٹہ فراہم کر دیا ہے۔

وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے مطابق معاہدے کے تحت ہر سال 3,500 پاکستانیوں کو اٹلی میں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ یہ کوٹہ مختلف شعبوں بشمول شپ بریکنگ، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں ملازمتوں کے حصول کے عملی طریقۂ کار اور دیگر تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اس پیش رفت کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص ہونا دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستانی محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف ملک کے سفیر ہیں بلکہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور مستقبل قریب میں یورپ کے مزید ممالک میں بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US