پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مئی میں ہونے والی بھارت کے خلاف جنگ کی فتح پاکستان کی قوم اور مسلح افواج کی بڑی کامیابی ہے۔ بلاول نے کہا کہ اب تو بھارتی وزیراعظم مودی ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سن کر چھپ جاتا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جنگ میں حاصل شدہ فتح کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی کوششوں سے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی ملی اور صدر زرداری نے وہ ہوائی جہاز منگوائے جن سے بھارت کے 6 جہاز گرائے گئے۔
انہوں نے پاک چین دوستی، سی پیک کے منصوبے اور عوامی فلاحی پروگراموں پر بھی روشنی ڈالی۔ بلاول نے کہا کہ پاکستان میں موجود داخلی، معاشی اور دہشت گردی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے عوام کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم کو پیپلزپارٹی کی کامیابی قرار دیتے ہوئے صوبوں کے حقوق اور این ایف سی کے تحفظ پر زور دیا۔
بلاول بھٹو نے سیاسی مفاہمت، ذمہ دارانہ سیاست اور وفاق و صوبوں کے درمیان تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ پیپلزپارٹی مشکل حالات میں بھی عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور داخلی و معاشی بحرانوں سے ملک کو نکالنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔