پنجاب حکومت نے آن لائن فراڈ کی بڑھتی وارداتوں کے پیشِ نظر فیصلہ کرتے ہوئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر فراڈ اور اغواء برائے تاوان میں ملوث منظم گینگز کے خلاف کارروائی کی ذمہ داری کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو سونپ دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ صوبے بھر میں آن لائن فراڈ کے کیسز میں نمایاں اضافے کے بعد کیا گیا۔ ملزمان شہریوں کو مختلف طریقوں سے آن لائن دھوکا دے کر لوٹ مار کرتے رہے ہیں، جبکہ بعض گینگز بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر اغواء برائے تاوان جیسی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر نے غیر قانونی سرگرمیوں کے ذریعے اربوں روپے کے اثاثے بنا رکھے ہیں، تاہم ان کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی نہ ہونے کے باعث مقدمات کا اندراج بھی نہیں ہو پا رہا تھا۔
پنجاب حکومت کے اس فیصلے کے بعد سی سی ڈی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے گینگز کے خلاف فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کرے تاکہ شہریوں کو آن لائن فراڈ سے محفوظ بنایا جا سکے۔