مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل، بارش اور برفباری کی ایڈوائزری جاری

image

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں داخل ہونے والی مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے پیشِ نظر ویدر ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق یہ سسٹم 29 دسمبر کی شب مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، 30 دسمبر سے شدت اختیار کرے گا اور 31 دسمبر کو بالائی و وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا جبکہ 2 جنوری 2026 کی صبح تک بالائی علاقوں میں اثر انداز رہنے کا امکان ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق 30 دسمبر کی رات سے 2 جنوری کی صبح تک ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، نیلم ویلی، باغ، پونچھ اور حویلی میں برفباری متوقع ہے، جس کے باعث سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خطرہ ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بلند و حساس علاقوں میں اضافی احتیاط برتیں۔ بارش کے اس سلسلے کے دوران وسطی و جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔

ممکنہ خطرات کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ صوبائی و علاقائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور اسلام آباد انتظامیہ کو الرٹ رہنے، بروقت معلومات کی فراہمی، ایمرجنسی ٹیموں کی دستیابی اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ تازہ ترین موسمی صورتحال اور انتباہات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ کا استعمال کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US