وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نئے سال کے پہلے دن اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری میں اضافے اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو ہدایت کی کہ اقتصادی اصلاحات اور معاشی گورننس پالیسی پر مؤثر اور بروقت عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے وزارتوں سے جامع حکمت عملی اور عملی اقدامات کے لیے تجاویز طلب کیں تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھایا جا سکے اور ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے، برآمدات کے شعبے کو فروغ دینے، صنعتی پیداوار اور زراعت سمیت اہم شعبوں پر یکساں توجہ دینے کی بھی ہدایت دی۔ اجلاس میں وزارتوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور ادارہ جاتی و انتظامی اصلاحات پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔