خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں برفباری کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، سیالکوٹ میں بھی بارش کی توقع ہے۔
رپورٹ میں گوجرانوالہ اور نارووال میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو اور مری میں بارش کی توقع ہے۔
سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔