امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ معاہدے میں اہم پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ طے شدہ حملے روک دیے گئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کی دستاویزات آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے پر دستخط ہفتے کے اختتام پر متوقع ہیں اور تقریب یورپ میں منعقد ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی دستخطی تقریب میں شریک ہوں گے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک اس پیش رفت پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر معاہدے کی منظوری دے چکے ہیں اور اس معاہدے کے بعد ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔
امریکی صدر نے پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کی کوششوں میں پاکستان مثبت کردار ادا کر رہا ہے جبکہ انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی تعریف بھی کی۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اعلیٰ ترین سطح تک پہنچ چکے ہیں اور ضروری منظوریوں کے بعد انہوں نے بطور صدر حملے روکنے کا فیصلہ کیا۔