حکومت نے بجلی صارفین کو ایک اور ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرط پر کیپٹو پاور لیوی عائد کرنے سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ حکومت نے کیپٹو پاور لیوی سے حاصل ہونے والی رقم کو ماہانہ بنیادوں پر بجلی کے ریلیف کی صورت میں صارفین تک منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق کیپٹو پاور لیوی کی شرح میں مرحلہ وار اضافے کے ساتھ بجلی کے ریلیف میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ وفاقی کابینہ پہلے ہی کیپٹو پاور لیوی سے حاصل ہونے والا فائدہ بجلی صارفین کو منتقل کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق ماہانہ جمع ہونے والی لیوی کا فائدہ دو ماہ کے وقفے سے بجلی صارفین کو دینے کا پلان بنایا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار 20 فیصد تک لیوی عائد کرنے کا قانون نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت فوری طور پر 5 فیصد لیوی لاگو کر دی گئی ہے۔
دوسرے مرحلے میں کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی کی شرح 10 فیصد کی جائے گی، فروری 2026 میں یہ 15 فیصد جبکہ اگست 2026 میں بڑھا کر 20 فیصد کر دی جائے گی۔ لیوی سے حاصل ہونے والی رقم پاور سیکٹر کی تمام کیٹگریز کے بجلی صارفین کے لیے ٹیرف میں کمی پر خرچ کی جائے گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ لیوی کی عدم ادائیگی پر کیپٹو پاور پلانٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور مسلسل ڈیفالٹ کی صورت میں متعلقہ کیپٹو پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی منقطع کر دی جائے گی۔ تمام کیپٹو پاور پلانٹس گیس یا ایل این جی کے استعمال پر وفاقی حکومت کو لیوی ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔