صوابی کے اہم داخلی مقام انبار انٹرچینج پر قائم بیوٹی پوائنٹ، جس پر کروڑوں روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی تھی، آج بدحالی کا شکارہے، اور اسی وجہ سے اپنی خوبصورتی اور افادیت کھو بیٹھا ہے۔
شہریوں کے مطابق یہ منصوبہ شہر کے داخلی راستے کو خوبصورت بنانے کے لیے تھا، تاہم عدم توجہی اور ناقص دیکھ بھال کے باعث یہ مقام اب بدحالی کی واضح تصویر بن چکا ہے۔
انبار انٹرچینج پر موجود بیوٹی پوائنٹ پر نصب مجسمے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، صفائی کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ سرسبزی کے لیے لگائے گئے پودے بھی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث خشک ہوچکے ہیں۔
جگہ جگہ کچرا نہ صرف منصوبے کی ناکامی کی عکاسی کر رہا ہے بلکہ شہر کے مجموعی تاثر کو بھی متاثر کر رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ بیوٹی پوائنٹ کی فوری مرمت، صفائی اور بحالی کے اقدامات کیے جائیں۔