جاپان کے مغربی چوگوکو خطے میں منگل کے روز 6.2 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد کئی شدید آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔ جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ شیمانے کے مشرقی علاقے میں تھا تاہم سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی شدت جاپان کے 1 سے 7 کے زلزلہ پیمانے پر بالائی درجے کی پانچ ریکارڈ کی گئی جو اتنی شدید ہوتی ہے کہ بغیر سہارے حرکت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔شیمانے نیوکلیئر پاور اسٹیشن کی آپریٹر کمپنی چوگوکو الیکٹرک پاور نے بتایا کہ پاور پلانٹ کا یونٹ نمبر 2 معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔
جاپان کی نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق زلزلے کے بعد کسی قسم کی بے قاعدگی سامنے نہیں آئی۔واضح رہے کہ شیمانے نیوکلیئر پاور اسٹیشن کا یونٹ نمبر 2 دسمبر 2024 میں دوبارہ فعال کیا گیا تھا، جو مارچ 2011 میں فوکوشیما کے تباہ کن حادثے کے بعد بند کیے گئے جاپان کے نیوکلیئر پلانٹس میں سے ایک تھا۔ادھر ویسٹ جاپان ریلوے نے زلزلے کے باعث شِنکانسین بلیٹ ٹرین سروس کو شن اوساکا اور ہاکاتا کے درمیان عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔