عراق کے صدارتی انتخاب میں چار خواتین سمیت کل 81 امیدوار سامنے آگئے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق عراقی آئین کے تحت پارلیمنٹ کو اپنے پہلے اجلاس کے 30 دنوں کے اندر دو تہائی اکثریت سے ملک کے صدر کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔
نو منتخب عراقی پارلیمنٹ نے انتخابات کے تقریبا دو ماہ بعد 29 دسمبر کو اپنا پہلا اجلاس منعقد کیا جس کے دوران اس نے ایک اسپیکر اور ایک فرسٹ ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا۔ پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت کی حمایت سے انتخاب کے بعد صدر کو 15 دنوں کے اندر وزیراعظم کو نامزد کرنا ہوگا۔
نامزد شخص آئین کے مطابق سب سے بڑے پارلیمانی بلاک سے ہونا چاہیے ، وہ ایگزیکٹو اتھارٹی کے موثر سربراہ کے طور پر کام کرتا ہے اسے حکومت بنانے کے لیے 30 دن کی مہلت دی جاتی ہے۔
کردستان ڈیموکریٹک پارٹی نے نگراں حکومت میں وزیر خارجہ فواد حسین اور اربیل کے سابق گورنر نوزاد ہادی کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔ دریں اثنا، پیٹریاٹک یونین آف کردستان نے اعلان کیا کہ اس کے واحد امیدوار سابق وزیر برائے ماحولیات نثار امیدی ہیں دیگر نمایاں امیدواروں میں موجودہ عراقی صدر عبداللطیف راشد بھی شامل ہیں۔