کراچی میں آوارہ کتوں کے حملوں کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سال نو کے ابتدائی پانچ دنوں کے دوران انڈس اسپتال کورنگی میں سگ گزیدگی کے 300 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
انڈس اسپتال کے ریبیز پریونشن کلینک کے مینجر آفتاب گوہر نے بتایا کہ کورنگی، لانڈھی، بلدیہ، حب چوکی اور گڈاپ ٹاؤن سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق متاثرین میں زیادہ تعداد دو سال سے کم عمر بچوں کی ہے، جن کے چہروں کو آوارہ کتوں نے شدید زخمی کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک واقعے میں آوارہ کتے کے حملے سے 41 سالہ شخص کی انگلی کٹ گئی، تاہم تمام متاثرین کو بروقت ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین (PEP) فراہم کر دی گئی۔
ریبیز پریونشن کلینک کے مطابق ریبیز ایک خطرناک اور جان لیوا مرض ہے جو بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں موت کا سبب بن سکتا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سگ گزیدگی کی صورت میں متاثرہ جگہ کو نلکے کے صاف پانی کے نیچے 10 سے 15 منٹ تک صابن سے دھوئیں اور فوری طور پر قریبی اسپتال جا کر ویکسین لگوائیں۔