ہنگو میں آج 6 جنوری کو شہید اعتزاز حسن کی 12 ویں برسی منائی جا رہی ہے، جنہیں ان کی غیر معمولی بہادری اور حب الوطنی کے لیے یاد کیا جا رہا ہے۔
اعتزاز حسن صرف 15 سال کی عمر میں دشمن کے عزائم ناکام بنا کر شہادت کے اعلیٰ رتبے پر فائز ہوئے۔ 6 جنوری 2014 کی صبح انہوں نے خودکش بمبار کے سامنے اپنی جان قربان کردی اور گورنمنٹ ہائی اسکول ابراہیم زئی پر ہونے والے خودکش حملے کو ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں اسکول میں زیر تعلیم تقریباً 2 ہزار طلبہ کی جانیں بچ گئیں۔
ان کی اس قربانی کی بدولت سیکڑوں ماؤں کی گودیں اجڑنے سے بچیں اور پوری قوم نے ان کے جرات و قربانی کو سراہا۔ اعتزاز حسن کی غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں انہیں تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔