چین نے کہا ہے کہ کوئی ملک خود کو دنیا کا پولیس مین یا عالمی جج قرار نہیں دے سکتا۔
شنہوا کے مطابق چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماو نِنگ نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک نہ تو دنیا کا پولیس مین بن سکتا ہے اور نہ ہی خود کو بین الاقوامی جج قرار دینے کا حق رکھتا ہے۔
منگل کے روز معمول کی پریس بریفنگ کے دوران وینزویلا کی صورتحال سے متعلق سوال کے جواب میں ماو نِنگ نے کہا کہ چین ہمیشہ اس اصول کی حمایت کرتا ہے کہ تمام ممالک کو دیگر اقوام کے اس حق کا احترام کرنا چاہیے کہ وہ اپنے ترقیاتی راستے کا آزادانہ انتخاب کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ تمام ممالک، بالخصوص بڑی طاقتوں کو، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد و اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے اور اس حوالے سے مثال قائم کرنی چاہیے۔
چینی ترجمان نے مزید کہا کہ باہمی احترام، خودمختاری اور عدم مداخلت عالمی استحکام کے لیے بنیادی اصول ہیں، جنہیں نظر انداز کرنے سے بین الاقوامی کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔