خیبر پختونخوا: افغان باشندوں کو برتھ سرٹیفیکیٹ جاری کرنے والوں کی شامت قریب

image

افغان مہاجرین کو برتھ سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کے الزامات میں ملوث 24 یونین اور ویلج کونسل سیکریٹریز کے خلاف محکمانہ تحقیقات مکمل کر کے انہیں ملازمت سے برخاست کرنے کی سفارشات صوبائی حکومت کو ارسال کردی گئی ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں تمام 24 سیکریٹریز کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اس معاملے میں ملوث بلدیاتی نمائندوں کو نااہل قرار دینے کی بھی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں گزشتہ روز ایک یونین کونسل سیکریٹری کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد ایسے برتھ سرٹیفیکیٹس کی بنیاد پر بننے والے قومی شناختی کارڈز کو منسوخ کرنے کا عمل ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے سے شروع کیا جا رہا ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف نجی اور سرکاری اسکولوں سے بھی ان طلبہ کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں جنہوں نے انہی متنازعہ برتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بعض افغان مہاجرین رضاکارانہ طور پر افغانستان واپس جا چکے ہیں، کچھ کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے جبکہ چند افراد جیلوں میں بھی ہیں، تاہم اس کے باوجود ان کے برتھ سرٹیفکیٹ شہر کی مختلف یونین کونسلوں اور ویلج کونسلوں سے جاری ہوئے۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس پورے عمل میں بعض بلدیاتی نمائندے براہ راست ملوث رہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US