حکومت پنجاب کا سرکاری اسپتالوں کے لیے جامع اصلاحاتی پیکج کا اعلان

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں کو معیاری، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے جامع اصلاحاتی پیکج کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے سرکاری اسپتال اب خلل، نااہلی، کام چوری، ادویات کی کمی اور عوامی شکایات سے پاک ہوں گے۔

وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت اجلاس میں ہیلتھ پراجیکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جہاں کارکردگی، شفافیت اور مریضوں کی حفاظت کے لیے نئے معیارات طے کیے گئے۔ اجلاس میں سرکاری اسپتالوں کے لیے جدید اور انٹرنیشنل لیول کی ادویہ کی نئی فہرست مرتب کرنے اور اس مقصد کے لیے خصوصی کمیٹی بنانے کا حکم دیا گیا۔

مریم نواز نے اسپتالوں میں دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر پابندی پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اب ہر ڈاکٹر اور نرس مزید فوکس کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے اسپتالوں کے سیکیورٹی گارڈز، وارڈ بوائز، نرسوں اور فارمیسی اسٹاف کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ہر سرکاری اسپتال میں روزانہ صبح 9 بجے تک مکمل اسٹیـم کلیننگ یقینی بنانے کا حکم دیا، جبکہ اسپتالوں کو جدید طبی آلات سے لیس کرنے کے لیے چینی ساختہ طبی آلات کے استعمال کی اجازت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں اسپتالوں میں موجود سیکیورٹی کمپنیوں اور سیکیورٹی گارڈز کے خلاف عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فول پروف نظام متعارف کرانے کی ہدایت دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اب ہر مریض کو اس کی دوا بروقت اور براہِ راست اس کے ہاتھ میں دی جائے گی اور ادویہ کی فراہمی کے لیے ناقابلِ ناکامی طریقہ کار نافذ کیا جائے گا۔

بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو انعام دینے کے لیے پنجاب میں ایم ایس پول قائم کرنے اور صرف پرفارمنس کی بنیاد پر تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کو اسپتال سروے کی ذمہ داریاں سونپنے جبکہ ہیلتھ کے عوامی فلاحی اقدامات کی افادیت جانچنے کے لیے ڈیٹا اینالیسز سینٹر قائم کرنے کی ہدایت دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں دو سال سے کم عرصے میں 2500 سے زائد ڈاکٹروں کو ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ کارڈیک میڈیسن ہوم ڈیلیوری پروگرام کے تحت 5 لاکھ 85 ہزار مریض رجسٹرڈ ہیں۔ ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے 6 ہزار مریضوں کو گھروں کی دہلیز پر ادویہ فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت ادویہ کی فراہمی کے لیے 80 ارب روپے خرچ کر رہی ہے، اس کے باوجود ادویہ کا نہ ملنا ناقابلِ فہم ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اب عوام کا پیسہ اور وقت ضائع نہیں ہوگا، نااہل اور کام چور افراد کو گھر جانا ہوگا۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کو واقعی عوام کے لیے ریلیف سینٹر بنایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US