انڈر 19 ورلڈ کپ وارم اپ میچز: بھارت اور تنزانیہ کی فتوحات، بارش سے کئی میچ متاثر

image

ہرارے میں آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2026 سے قبل وارم اپ میچز کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بھارت اور تنزانیہ نے شاندار فتوحات حاصل کیں، جبکہ بارش کے باعث تین میچز منسوخ کر دیے گئے۔

بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 121 رنز سے شکست دی۔ نوجوان بلے باز ویبھاو سوریہ ونشی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 50 گیندوں پر 96 رنز بنائے۔ 14 سالہ ویبھاو کی اننگز میں 9 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے، جس میں ویہان ملہوترا (77)، آرون ورگیس (61) اور ابھیگیان کنڈو (55) نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔

بارش کے باعث اسکاٹ لینڈ کو 24 اوورز میں 234 رنز کا ہدف ملا، تاہم وہ 112 رنز تک ہی پہنچ سکا۔ خِلان پٹیل اور دیپیش دیویندرن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب تنزانیہ نے جاپان کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 81 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ کپتان لکش بکرانیا نے ناقابلِ شکست 53 رنز بنائے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ تنزانیہ نے 204 رنز بنائے، جبکہ جاپانی ٹیم صرف 45 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ریمنڈ فرانسس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

بارش کے باعث زمبابوے بمقابلہ امریکا، آئرلینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش کے میچز منسوخ کر دیے گئے۔

امریکا کی جانب سے امرندر گل نے زمبابوے کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے جیول اینڈریو نے 81 رنز بنائے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے میچ میں کلام صدیقی نے ناقابلِ شکست 71 رنز بنائے، تاہم بارش نے کھیل جاری نہ رہنے دیا۔

انڈر 19 ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز میں نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی نے شائقینِ کرکٹ کی توجہ حاصل کرلی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US