پی سی بی کی آئی سی سی کو بنگلادیش کے ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستان میں کرانے کی پیشکش

image

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بنگلادیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز پاکستان میں کرانے کی پیشکش کی ہے۔

پی سی بی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ حالیہ میٹنگ میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے واضح کر دیا کہ وہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو ہر طریقے سے سپورٹ کرنا چاہتے ہیں اور اگر آئی سی سی کو اس وقت بنگلادیش کے میچز بھارت سے سری لنکا لے جانے میں مشکل پیش آرہی ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلادیش کے میچز کراسکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا ہے بنگلادیش جو اس وقت بھارت میں اپنے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز نہیں کھیلنا چاہتا اس کے لیے معاملات آسان کیے جائیں۔

پی سی بی نے آئی سی سی کو پیشکش میں یہ یاد دہانی کرائی ہے کہ پاکستان نے بڑی کامیابی سے پچھلے سال آئی سی سی چیمپین ٹرافی اور آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کو آرگنائز کیا اور کسی ٹیم کو کوئی شکایت نہیں ہوئی اور ان کو بہترین سیکیورٹی دی گئی۔

پی سی بی کا ماننا ہے کہ اس وقت پاکستان مختصر نوٹس پر بھی ورلڈ کپ کے میچز کرا سکتا ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ اب تک آئی سی سی کے جواب کا انتظار کر رہا ہے کیونکہ انہوں نے ایک دوسرے خط میں آئی سی سی پر واضح کر دیا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی ٹیم بھارت میں جا کر اپنے ورلڈ کپ میچز کھیلے کیونکہ ان کو ٹیم کی سیکیورٹی کا خدشہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US