چین نے ایرانی مظاہروں کے ردعمل میں امریکا کے ایران پر ممکنہ حملے کی مخالفت کردی۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ چین ہمیشہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ عالمی قوانین کے تحت ملکی خود مختاری اور سب کی سلامتی کا تحفظ کیا جانا چاہیے، امید ہے ایرانی حکومت اور عوام موجودہ مشکل صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں اور ملکی استحکام برقرار رکھ سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں جرمن چانسلر نے کہا کہ ایران میں جاری تشدد ختم ہونا چاہیے، یہ طاقت کی نہیں، کمزوری کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں جس میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے۔
صدر ٹرمپ نے فلوریڈا سے واشنگٹن ڈی سی جاتے ہوئے طیار ے میں گفتگو کے دوران کہاکہ ایرانی اپوزیشن لیڈرز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نےگزشتہ روز جوہری معاہدے پر بات کرنے کیلیے رابطہ کیا، ہم ان سے مل سکتے ہیں۔ ایران کے خلاف مختلف آپشنز پر غور کررہے ہیں جس میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے۔