کراچی میں اچانک گیس کی بندش، شہری شدید مشکلات کا شکار

image

کراچی میں شدید سردی کے دوران اچانک گیس کی فراہمی معطل یا پریشر انتہائی کم ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پیر کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں بغیر پیشگی اطلاع گیس بند ہونے پر گھریلو اور کمرشل صارفین متاثر ہوئے۔

متاثرہ علاقوں میں گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، اسکیم 33، ملیر، سعود آباد، نارتھ کراچی، پی آئی بی کالونی، ناظم آباد، شادمان ٹاؤن، سرسید ٹاؤن، کاٹھور، گارڈن، عثمان آباد، غازی نگر، بوہرہ پیر، اختر کالونی، منظور کالونی، چنیسر گوٹھ، گڈاپ، اورنگی ٹاؤن اور لیاقت آباد سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ شہریوں کے مطابق گیس کی بندش یا کم پریشر کے باعث کچن میں کام کرنا ناممکن ہو گیا اور کئی خاندانوں کو ہوٹلوں سے کھانا منگوانا پڑا۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ایس ایس جی سی نے بھی کے۔الیکٹرک کی طرح بغیر اطلاع گیس کی لوڈشیڈنگ شروع کر دی ہے، جس سے خاص طور پر گھریلو صارفین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب ایس ایس جی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو گیس فیلڈز بند ہونے کے باعث گیس کی کمی کا سامنا ہے، تاہم جلد صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US