وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سردیوں کے دوران گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس فراہم نہ کیے جانے پر نوٹس لیتے ہوئے سوئی کمپنیوں کو گیس فراہمی بہتر بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی گیس کی طلب و رسد سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کے لیے صنعت سے گھریلو شعبے کو اضافی گیس منتقل کرنے کے آپشن پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرولیم ڈویژن میں روزانہ کی بنیاد پر گیس کی مجموعی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
علی پرویز ملک نے سوئی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور طلب و رسد کے اعداد و شمار باقاعدگی سے پیش کیے جائیں۔
سوئی ناردرن کے حکام کے مطابق 6 جنوری سے گھریلو صارفین کے لیے گیس سپلائی 691 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھا کر 746 ایم ایم سی ایف ڈی کر دی گئی ہے جبکہ شیوا گیس فیلڈ کی پیداوار 55 سے بڑھا کر 65 ایم ایم سی ایف ڈی کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دو گیس فیلڈز کی بحالی سے سپلائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں گھریلو صارفین کو 39 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس فراہم کی جا رہی ہے۔