کراچی: کیماڑی ویسٹ وہارف میں کنٹینرز میں آتشزدگی، 20 سے زائد کنٹینرز متاثر

image

کیماڑی ویسٹ وہارف میں کنٹینرز میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹیم جائے وقوع کی جانب روانہ کر دیے گئے۔

ترجمان کے مطابق ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کارروائی کر رہی ہیں اور تاحال آتشزدگی پر تقریباً 30 فیصد قابو پا لیا گیا ہے۔ ابتدائی معائنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ 20 سے زائد کنٹینرز آگ کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جس کنٹینر میں ابتدائی طور پر آگ لگی وہ کپڑوں پر مشتمل تھا تاہم متاثرہ دیگر کنٹینرز میں مختلف نوعیت کا سامان موجود ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ بعض کنٹینرز میں ڈرائی کیمیکلز، بیٹریاں اور لیتھیم بیٹریاں موجود ہیں۔

ریسکیو 1122 کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کے ساتھ موقع پر موجود ہیں اور آگ پر مکمل قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US