آزاد کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے اور وادی نیلم و لیپہ میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ وادی نیلم میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ تاؤ بٹ، ہلمت سرداری، اڑنگ کیل اور شونٹھر کیل میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ شونٹھر میں ایک فٹ جبکہ اڑنگ کیل گریس میں 8 انچ برف پڑ چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج دن کے اوقات میں بھی وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ شدید سردی اور برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔