نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیبرا) نے مہنگی بجلی کو قومی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاور سیکٹر کا بڑھتا ہوا گردشی قرضہ ملکی معیشت کے لیے سنگین چیلنج بن چکا ہے۔
نیبرا کی جاری کردہ اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ کے مطابق ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی ناقص کارکردگی اور بھاری نقصانات کے باعث گزشتہ ایک سال میں گردشی قرضے میں مزید 267 ارب روپے کا اضافہ ہوا جس سے پاور سیکٹر کے مالی مسائل سنگین ہو گئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی چوری، ریکوری میں ناکامی اور انتظامی کمزوریوں کے سبب گردشی قرضہ مسلسل بڑھ رہا ہے اور اس کا بوجھ صارفین پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے بجلی مزید ناقابلِ برداشت ہو گئی ہے۔ نیبرا نے کہا کہ بلند بجلی کی قیمتیں صنعتی ترقی، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری پر منفی اثر ڈال رہی ہیں، اور ملکی معیشت دباؤ کا شکار ہے۔
نیبرا نے پاور سیکٹر میں اصلاحات، ڈسکوز کی کارکردگی بہتر بنانے اور گردشی قرضے پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے، بصورت دیگر معاشی مشکلات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔