وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن کو اپریل میں نجی شعبے کے حوالے کردیا جائے گا جبکہ عارف حبیب کنسورشیم اپریل سے اپنی پروازیں شروع کر دے گا۔
خصوصی گفتگو میں محمد علی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے معاہدے پر رواں ماہ دستخط ہوجائیں گے۔ کنسورشیم نے سی ای او سمیت سینئر مینجمنٹ کی تلاش شروع کردی ہے اور پی آئی اے کے بزنس پلان پر کام جاری ہے، جس سے سروسز میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بڈر کی جانب سے 5 ارب روپے وصول ہوچکے ہیں جبکہ 3 ماہ میں 93 ارب روپے کی ادائیگی متوقع ہے۔
محمد علی نے واضح کیا کہ روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے امریکی انتظامیہ کی تحویل میں جانے کا کوئی امکان نہیں، تاہم اس کی نجکاری کیلیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے اسٹیل ملز اور پاکستان ریلویز کی نجکاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سمیت 5 سے 6 مزید سرکاری اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 ڈسکوز میں سے اسلام آباد، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ایڈوانس مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں جبکہ حیدرآباد، سکھر الیکٹرک، زیڈ ٹی بی ایل اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن بھی نجکاری کی فہرست میں شامل ہیں۔