چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا ہے۔ اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر کے تقرر کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے وفد نے سینیٹر علی ظفر کی قیادت میں چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی، جس کے بعد تقرری کا عمل مکمل ہوا۔ علی ظفر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن پر دستخط ہوچکے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ایوان میں رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کو سینیٹ میں اپوزیشن کے 32 میں سے 22 اراکین کی حمایت حاصل کی ہے، اس لیے انہیں قائد حزبِ اختلاف مقرر کیا گیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا باضابطہ نوٹیفکیشن سینیٹ سیکریٹری حفیظ اللہ شیخ کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کو فوری طور پر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ عہدہ اس وقت خالی تھا جب سابق اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کو ان کی نااہلی کے بعد سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف کا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا، جس کے بعد کئی ماہ تک اس عہدے پر نامزدگی نہیں ہوسکی تھی۔
سینیٹ سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن کی کاپیاں خود علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر سینیٹرز کو بھی بھجوا دی ہیں۔ اب وہ باقاعدہ طور پر سینیٹ میں اپوزیشن کی نمائندگی اور حکومتی پالیسیوں پر مؤثر تنقید سمیت اہم پارلیمانی کردار ادا کریں گے۔