پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ایکٹ 2025ء اور دانش اسکولز اتھارٹی بل 2025ء کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کی۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے دونوں بلوں پر شدید احتجاج کیا۔ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے دو اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے کھڑے ہو کر نعرے لگائے اور احتجاجی بینرز اٹھائے، جس پر اسپیکر نے انہیں احتجاج نہ کرنے کی ہدایت کی۔
قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ایکٹ 2025ء میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات زیر غور آئے۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی تجویز کردہ ترامیم منظور کی گئیں، جبکہ جمعیت علمائے اسلام کی ترمیم مسترد کردی گئی۔
اپوزیشن کے احتجاج کے دوران ہی دانش اسکولز اتھارٹی بل میں بھی ترامیم کی گئیں، بالخصوص شق 3 اور 4 میں تبدیلی کی گئی۔