ایران میں مظاہروں کے دوران 30 ہزار سے زائد ہلاکتیں، باڈی بیگز بھی ختم، امریکی میڈیا کا دعویٰ

image

امریکی میڈیا نے ایران کے محکمہ صحت کے حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں پُرتشدد مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 30 ہزار سے زائد ہوسکتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایران کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ 8 اور 9 جنوری کو ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں بڑی تعداد میں شہری ہلاک ہوئے۔ امریکی میڈیا نے مزید دعویٰ کیا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مظاہروں پر شدید فائرنگ کی، جس کے دوران لاشیں اٹھانے کے لیے گاڑیاں کم پڑ گئیں اور ریاست کے پاس باڈی بیگز کا ذخیرہ بھی ختم ہو چکا تھا۔ ان دنوں لاشیں اٹھانے کے لیے بڑے ٹریلرز کا استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب امریکا میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں کم از کم 5 ہزار 459 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مزید 17 ہزار 31 افراد کے معاملے میں تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کی لیگل میڈیسن آرگنائزیشن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حالیہ پُرتشدد مظاہروں کے دوران مجموعی طور پر 3 ہزار 117 افراد جاں بحق ہوئے تھے جو حکومت کی جانب سے سامنے آنے والے اعداد و شمار میں شامل ہیں۔

یہ دعوے ایران میں مظاہروں کی شدت اور ہلاکتوں کے تناسب پر عالمی سطح پر شدید تشویش پیدا کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US