خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں رشتے کے تنازع پر مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین بہن بھائی جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ مانسہرہ کے نواحی علاقے میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر رشتے کے تنازع پر مخالفین نے گھر پر دھاوا بول کر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گھر میں موجود تین بہن بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ دو خواتین سمیت 9 افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔