اسلام آباد پولیس نے عوامی تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ایک بڑی اور بروقت کارروائی میں پلاسٹک گن لہرا کر سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے والے نوجوان کو ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نوجوان اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ 17 میل اسلام آباد کے علاقے سے مری کی جانب جا رہا تھا۔ اس دوران نوجوان نے پلاسٹک کی گن لہرا کر ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بنانا شروع کر دی، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے نوجوان اور اس کے ساتھیوں کو روک کر تھانہ پلگراں منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ گن پلاسٹک کی تھی، تاہم اس طرح کی حرکات عوامی سلامتی کے لیے خطرناک ہو سکتی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ رویے کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں، چاہے وہ مذاق یا سوشل میڈیا کے لیے ہی کیوں نہ ہوں۔ نوجوانوں کو قانون کی حدود میں رہتے ہوئے سوشل میڈیا کا استعمال کرنا چاہیے۔
واقعے پر مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔