پنجاب کے علاقے چونیاں میں فصل میں داخل ہونے پر مبینہ طور پر ایک بھینس پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے اس کی ٹانگیں کاٹ دی گئیں، پولیس نے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تھانہ سٹی چونیاں کی حدود کوٹ گاماں میں راستے سے گزرتے ہوئے ایک بھینس مبینہ طور پر محمد خوشی کی فصل میں داخل ہوگئی، جس پر بھینس کے مالک محمد طارق نے الزام عائد کیا ہے کہ بااثر افراد نے طیش میں آکر بے زبان جانور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی ٹانگیں کاٹ دیں۔
پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق افسوسناک واقعہ 19 نومبر کی رات 11 سے 12 بجے کے درمیان پیش آیا۔ واقعے کے بعد اہل علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ سٹی چونیاں صابر چھینہ کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔