سابق وفاقی وزیر کے قتل میں ملوث 3 ملزمان خیبر پختونخوا سے گرفتار

image

پنجاب پولیس نے سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو خیبر پختونخوا سے گرفتار کرلیا ہے۔

آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر کے مطابق ملزمان کا سراغ سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے لگایا گیا، جن کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی دو گاڑیاں اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے تینوں افراد سابقہ ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری ہیں، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر کو 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب حافظ آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ڈکیتی کے دوران رسیوں سے باندھ کر اور گلا دبا کر قتل کردیا گیا تھا۔

مقتول کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں درج مقدمے میں چار نامزد سمیت 11 افراد کو شامل کیا گیا ہے، جن میں مقتول کے اپنے محافظ بھی شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے ملزمان واردات کے بعد گھر سے 20 لاکھ روپے نقدی، 50 تولے سونا، قیمتی دستاویزات اور تین گاڑیاں لے کر فرار ہوگئے تھے۔

مسلم لیگ (ق) کے دور میں وفاقی وزیر رہنے والے چوہدری لیاقت عباس بھٹی دو بار رکن قومی اسمبلی اور ایک بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ سابق ارکان قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی کے بھائی، شوکت علی بھٹی کے چچا اور موجودہ ارکان اسمبلی انیقہ مہدی حسن اور ضمیر الحسن بھٹی کے بھی چچا تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US