کراچی: بفر زون میں گھر پر ڈکیتی کے دوران پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، 2 فرار

image

کراچی کے علاقے بفرزون سیکٹر 15 اے تھری میں ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران تیموریہ پولیس سے مقابلے میں دو ملزمان مارے گئے جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس ترجمان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق گلزارِ مدینہ مسجد کے قریب واقع ایک رہائش گاہ میں چار مسلح افراد لوٹ مار کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس نفری فوری طور پر وہاں پہنچ گئی۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے بھاگنے کی کوشش کی جس پر فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک رائفل، پستول، واردات میں استعمال ہونے والی کلٹس کار اور گھر سے لوٹا گیا سامان برآمد کرلیا ہے۔

حکام کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ مفرور ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US