پشاور میں شادی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ، 6 دلہوں سمیت 13 ملزمان گرفتار

image

پشاور پولیس نے شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 دلہوں سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 8 تھانوں کی حدود میں ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ کارروائیاں یکہ توت، فقیر آباد، چمکنی، آڑمڑ، تہکال اور بڈھ بیر سمیت دیگر علاقوں میں کی گئیں۔

پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتار ہونے والے 13 ملزمان میں 6 دلہے بھی شامل ہیں، جن کے قبضے سے مختلف نوعیت کا اسلحہ برآمد کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس نے واضح کیا ہے کہ شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے اور اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوسکتا ہے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات کو ہوائی فائرنگ سے پاک رکھیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US