کراچی ایئرپورٹ: انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا اہم کارندہ گرفتار، اہم شواہد برآمد

image

ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک غیر قانونی طور پر شہریوں کو بھجوانے والے نیٹ ورک سے منسلک ایک مشتبہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق زیرِ حراست ملزم کی شناخت سید آذر بخاری کے نام سے ہوئی ہے، جو پرواز ای کے 601 کے ذریعے دبئی کے راستے باکو جانے کی کوشش کر رہا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم کے موبائل فون اور واٹس ایپ پیغامات کی جانچ پڑتال سے انکشاف ہوا کہ وہ پاکستان اور اٹلی میں مقیم اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر بھاری رقوم کے عوض شہریوں کو یورپ، کینیڈا اور باکو بھجوانے کے معاملات طے کر رہا تھا۔ برآمد ہونے والی چیٹس کے مطابق اٹلی بھجوانے کے لیے 40 سے 45 لاکھ روپے، اسپین کے لیے 50 لاکھ روپے جبکہ کینیڈا کے لیے 98 لاکھ روپے تک کے مالی معاملات زیرِ بحث تھے۔

حکام کے مطابق تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم کے پیغامات میں ایک شخص کو رومانیہ کے راستے منتقل کرنے اور وہاں پناہ کی درخواست دائر کروانے کا ذکر موجود تھا، جبکہ سیرالیون سے یورپ تک پہنچنے کے ایک مبینہ غیر قانونی روٹ کا ہاتھ سے تیار کردہ نقشہ بھی برآمد ہوا ہے۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ چیٹس میں لاہور، سیالکوٹ، کراچی اور فیصل آباد ایئرپورٹس کے ذریعے نوجوانوں کو باکو بھجوانے کے لیے پاسپورٹس اور غیر قانونی سفری انتظامات سے متعلق گفتگو بھی پائی گئی۔

ایف آئی اے امیگریشن نے دستیاب ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) کراچی کے حوالے کر دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کراچی زون انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US