گلیات کے مختلف علاقوں میں تازہ برفباری نے وادیوں کو سفید چادر میں لپیٹ دیا، جس سے قدرتی حسن میں اضافہ تو ہوا لیکن روزمرہ زندگی متاثر ہوئی ہے۔
نتھیا گلی، ایوبیہ اور ٹھنڈیانی میں وقفے وقفے سے برفباری جاری رہی جبکہ ایبٹ آباد شہر اور گردونواح میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیہی علاقوں میں برف جمع ہونے سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس کی وجہ سے آمد و رفت اور دیہات تک رسائی متاثر ہوئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ایبٹ آباد، ایوبیہ اور نتھیا گلی میں کنٹرول رومز قائم کر دیے ہیں تاکہ صورتحال پر نظر رکھی جا سکے اور مقامی افراد اور سیاحوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ تاہم ایبٹ آباد ضلع کے متعدد دیہات میں تاحال بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہو سکی۔
ایبٹ آباد مری روڈ پر برف ہٹانے کا عمل جاری ہے تاکہ سفر کو محفوظ بنایا جا سکے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا یہ سلسلہ شام تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی انتظامیہ و ریسکیو اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔