خیبر پختونخوا حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں، اپوزیشن لیڈر عباد اللہ

image

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عباد اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں اور اپنے صوبے کو وقت نہیں دے رہے۔

باڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عباد اللہ خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ فوری طور پر اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے اور عوام بدترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کے پی حکومت کو وفاق سے کوئی مسائل ہیں تو انہیں بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے، صوبے کے عوام کو سیاسی کشمکش کی بھینٹ نا چڑھایا جائے۔

صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ بیٹھ کر اپنے مسائل حل اور معاملات درست کرے، گورنر

دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تیراہ میں کسی قسم کا کوئی آپریشن نہیں ہو رہا اور نا ہی وفاقی حکومت کا ایسا کوئی ارادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت نے بلاوجہ آپریشن کا شور مچا کر لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وفاق کے ساتھ بیٹھ کر اپنے مسائل حل کرے اور اپنے معاملات کو درست کرے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے پی حکومت ملک دشمن عناصر کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے، جو تشویشناک ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US