قومی ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت، ڈیٹا کے تحفظ اور شفافیت کو بڑھانے کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کے نئے ورژن 5.4.2 میں ایک اہم فیچر متعارف کروا دیا ہے۔
اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین اب یہ دیکھ سکیں گے کہ ان کا قومی شناختی کارڈ یا دیگر بایومیٹرک ڈیٹا کہاں اور کن اداروں کے ذریعے تصدیق کے لیے استعمال ہوا۔ نادرا کے ترجمان کے مطابق ایپ میں Verification History کے نام سے ایک نیا ٹیب شامل کیا گیا ہے جس کے تحت صارفین مختلف زمروں میں اپنی شناختی معلومات کے استعمال کی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔
ایپ میں موجود All Shared سیکشن میں تمام اداروں اور افراد کی فہرست فراہم کی گئی ہے جنہوں نے کیو آر کوڈ، فنگر پرنٹس، فیشل ریکگنیشن یا شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے معلومات کی تصدیق کی۔ ہر اندراج کے ساتھ مزید تفصیلات دیکھنے کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ Digital QR ، Facial، فنگر پرنٹس اور سی این آئی سی کے مختلف سیکشنز صارفین کو شناختی معلومات کی تصدیق کے مخصوص ریکارڈز فراہم کرتے ہیں۔
نادرا کے مطابق یہ فیچر شہریوں کے ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانے اور نظام میں شفافیت بڑھانے کا اہم قدم ہے۔ ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایپ کو تازہ ترین ورژن میں اپ ڈیٹ کریں یا اگر پہلے سے ایپ موجود نہیں تو اسے ڈاؤن لوڈ کریں۔