اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد پولیو کے حوالے سے پاکستان میں جاری اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن اور مسلم برادر ملک سعودی عرب کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور بل گیٹس کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت جامع حکمت عملی اور موثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور جلد ملک سے اس بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال اور وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق بھی ملاقات میں موجود تھے۔ احسن اقبال نے انسداد پولیو کے لیے جاری پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا جبکہ وزیر صحت نے بل گیٹس کی ٹیم کے تعاون اور وزیراعظم کی رہنمائی پر شکریہ ادا کیا اور مزید اقدامات جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے کہا کہ پاکستان انسداد پولیو کے لیے موثر اقدامات اٹھا رہا ہے اور کامیابی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو بل گیٹس کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا اور حکومت کے انسداد پولیو اقدامات کی تعریف کی۔ وفد میں شامل ڈائریکٹر پولیو ڈاکٹر کیتھی نیوزیل اور ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو مائیکل گالوے نے بھی ملاقات میں پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ملاقات کے دوران ڈاکٹر کیتھی نیوزیل کو ان کی حالیہ تقرری پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔